بچوں کے عالمی دن پر صبا قمر کا بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہونے کا مطالبہ

بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اداکارہ اور یونیسف پاکستان کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے چائلڈ رائٹس، صبا قمر نے پاکستان میں بچوں کے حقوق اجاگر کرنے اور ان کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز اٹھانے پر زور دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں صبا قمر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کے لیے "ایک ساتھ کھڑے ہوں” اور ایسے ماحول کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر بچہ محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں صبا قمر نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت مند ماحول، باحفاظت زندگی اور اپنے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں 1.9 کروڑ بچیاں کم عمری کی شادیوں کا شکار ہیں جبکہ نصف سے زیادہ نوجوان لڑکیاں 18 سال سے پہلے حمل کا سامنا کرتی ہیں، جو ماں اور بچے دونوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
View this post on Instagram
صبا قمر نے عوام کو دعوت دی کہ وہ پورے ملک میں "پاکستان کو نیلا‘‘ بنا کر اُن بچوں اور بچیوں سے اظہارِ یکجہتی کریں جو بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ یہ رنگ ورلڈ چلڈرنز ڈے کی علامتی نمائندگی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ یونیسف نے 2024 میں صبا قمر کو پہلی نیشنل ایمبیسیڈر برائے چائلڈ رائٹس مقرر کیا تھا۔ اداکارہ بچوں کی تعلیم، ذہنی صحت، صنفی مساوات، کم عمری کی شادی اور بچوں پر تشدد جیسے سنگین مسائل کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔












